28 جون 2025 - 11:30
ایران بارہ روزہ جنگ کا فاتح ایران تھا، شیخ نعیم قاسم

حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل نے ایران کو صہیونی دشمن کے خلاف 12 روزہ جنگ کا فاتح قرار دیا۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی - ابنا - کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کے حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے حالیہ جنگ میں صہیونی دشمن پر  ایران کی فتح کی تعریف کی۔

انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اس جارحیت کے اهداف کو ناکام بنا دیا۔

ان کا کہنا تھا: صہیونیوں کا پہلا ہدف یورینیم کی افزودگی کے معاملے کو ختم کرنا تھا۔ ان کا دوسرا ہدف میزائل پروگرام تھا اور تیسرا ہدف اسلامی جمہوریہ ایران کا نظام گرانا تھا۔

حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نے زور دے کر کہا کہ ایران نے 12 روزہ جنگ میں فتح پائی۔

انھوں نے واضح کیا کہ ٹرمپ اور نیتن یاہو کی طرف سے جنگ بندی کی درخواست کا مطلب اسلامی جمہوریہ ایران کی فتح کا اعلان ہے اور ایران میں عوامی یکجہتی رہبر معظم امام خامنہ ای (حفظہ اللہ) کی حمایت حقیقی طور پر موجود ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایران کے مسلح افواج، بشمول سپاہ پاسداران اور سیکورٹی فورسز، نے میدان میں اسلامی جمہوریہ کا بہترین دفاع کیا۔

انھوں نے مزید کہا: ایران نے ثابت کیا کہ وہ تن تنہا جرائم پیشہ امریکہ، صہیونی ریاست اور مغربی ممالک کا مقابلہ کر سکتا ہے۔

حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا: میں ایران کو مبارکباد دیتا ہوں کہ اس نے تن تنہا صہیونی ریاست کو اس قدر بھاری نقصان پہنچایا۔ اس ریاست نے جنگ شروع ہوتے ہی امریکہ سے مدد مانگی کیونکہ وہ واقعتاً ایران کے حملوں کے سامنے بے بس ہو چکی تھی۔

شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ تمام شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ ایران کا جوہری معاملہ پرامن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ: دشمنوں نے اس کے برعکس ایران پر حملے کے بہانے تراشے، لیکن وہ ان حملوں سے ایران کے پرامن پروگرام کو روکنے یا ختم کرنے میں بالکل کامیاب نہ ہو سکے۔

حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نے نشاندہی کی کہ ایران نے اس جنگ میں ثابت کیا کہ وہ جارح دشمن کو ہرگز کوئی رعایت نہیں دے گا۔ جنگ کے بعد کا ایران، جنگ سے پہلے کے ایران جیسا ہی ہے، بلکہ مزید طاقتور ہو گیا ہے۔

انھوں نے کہا: ایران نے ثابت کیا کہ خطے میں امریکی مداخلت اسرائیل کی حمایت اور خطے کے ممالک کے خلاف ہے۔ کسی کو یہ نہیں سوچنا چاہئے کہ  خطے میں امریکی اڈے مشرق وسطی کے ممالک کی حمایت کے لئے ہیں، بلکہ جاننا چاہئے یہ اڈے صرف اسرائیل کی حمایت کے لئے ہیں۔

شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو امریکہ اور صہیونی ریاست کی طرف سے ایک ایسی جارحیت کا سامنا تھا جس کی کوئی وجہ نہیں تھی۔ انھوں نے کہا: کوئی بھی ایسی خودمختار طاقت اسرائیلی اور امریکی جارحیت کے نشانے پر ہے جو مزاحمت کرے یا فلسطین کی آزادی کا عزم رکھتی ہو۔

انھوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے نزدیک ایران کا سب سے بڑا جرم فلسطین اور اس کے عوام کی حمایت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایک توسیع پسند ریاست ہے جو صرف فلسطینی علاقوں یا شام کے مقبوضہ جولان تک ہی محدود نہیں رہے گی۔

حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل کا ماننا ہے کہ اسرائیل پورے خطے پر قبضہ کرنا چاہتا ہے اور اسی لئے وہ اپنے اور امریکہ کے مفاد میں خطے میں اپنی توسیع پسندی جاری رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ترجمہ: فرحت حسین مہدوی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha